لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں آکسیجن سلنڈر کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس سے قبل آکسیجن سلنڈر کی قیمت 280 روپے تھی، اب 5 ہزار روپے میں بھی نایاب ہو گیا۔
تفصیل کے مطابق مانگ بڑھتے ہی آکسیجن سلینڈر، ریگولیٹر اور پلس آکسیمیٹر کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق دو روز سے لاہور شہر میں گیس فراہمی میں بھی تعطل نظر آ رہا ہے۔
کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد استعمال 3 گنا بڑھ چکا ہے۔ آکسیجن کے فل سلینڈر 2000 پی ایس کی قیمت 15 سو روپے تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وائرس سے قبل آکسیجن سلینڈر کی قیمت 280 روپے تھی۔
ڈسٹری بیوٹرز ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں آکسیجن سلنڈر کی قیمت 4 گناہ بڑھ چکی ہے۔ عام آکسیجن شاپس سے گیس سلنڈر 5 ہزار روپے میں بھی نایاب ہو چکا ہے۔
اس وقت لاہور کے 15 سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج 748 اور 19 نجی ہسپتالوں میں 370 مریض آکسیجن کے سہارے سانس لے رہے ہیں جبکہ لاہور میں مجموعی طور پر پبلک اور نجی 34 ہسپتالوں میں 1118 مریض آکسیجن لے رہے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور کے اندر 6 بڑی کمپنیاں آکسیجن فراہم کر رہی ہیں۔ گیس پلانٹس سے ضرورت کے مطابق گیس نہیں مل رہی۔ گیس پلانٹس ضرورت پوری کرنے سے قاصر ہو گئے ہیں۔