اسلام آباد (دنیانیوز) وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شدید ردعمل دیکھتے ہوئے حکومتی ترجمانوں کو حقائق عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا معاشی اور توانائی ٹیم سے رابطہ ہوا، وزیراعظم نے وفاقی وزیر عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابر کو پریس کانفرنس کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کیا جائے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بتایا جائے۔ وزراء کوبھارت اور خطے کے دوسرے ممالک سے تقابلی جائزہ رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، وفاقی وزراء آج پریس کانفرنس کر کے تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول ریکارڈ 25 روپے 58 پیسے مہنگا
دوسری جانب، وزیراعظم عمران خان پارٹی رہنماؤں کے اختلافات اور اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے سرگرم ہو گئے، انہوں نے اتوار کو پی ٹی آئی اور اتحادی پارلیمنٹیرینز کو عشائیہ پر مدعو کرلیا۔
عشائیہ میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری اور پارٹی امور پرمشاورت ہو گی۔ وزیراعظم اتحادیوں اور پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات سنیں گے۔
وزیراعظم عمران خان بجِٹ منظوری کیلئے تمام اراکین کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرینگے۔ عشائیہ میں وفاقی وزراء معاونین مشیر شریک ہونگے۔