اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری ایجنسیز مکمل الرٹ ہیں، بھارت کے تمام حربوں کا ناکام بنائیں گے۔
وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملے کی بھرپور مذمت اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیرستان حملے کے بعد کہا تھا کہ بھارت نے سلیپر سیل متحرک کئے ہیں، آج کے حملے کے تانے بانے اٹھا کر دیکھ لئے جائیں تو انھیں سے ملیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے جوانوں پر حملے میں بھارت کا ہاتھ تھا، وہ پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا۔ ایک طرف ہم کرتا رپور راہداری کھول رہے ہیں تو دوسری طرف بھارت سے امن برداشت نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔ چین کے ساتھ لداخ کے معاملے پر بھارت بے نقاب ہوا جبکہ کشمیر میں اس کے مظالم دنیا کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کر رہی ہے۔ ہم بھارت کو دنیا کے سامنے مزید بے نقاب کریں گے۔