دہشتگردی کے تدارک اور قومی سلامتی کیلئے پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں: چین

Last Updated On 29 June,2020 06:48 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) ترجمان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے تدارک، قومی سلامتی اور استحکام کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ زاؤ لیجیان کا پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہیں۔

میڈیا کو بریفنگ کے دوران زاؤ لیجیان نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہدا کی قربانیوں سے حاصل امن اور استحکام خراب نہیں ہونے دیا جائے گا: آرمی چیف

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کے حملے میں شہادت کا رتبہ پانے والے سیکیورٹی گارڈز کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں دیرپا امن شہدا کی قربانیوں سے آیا۔ سیکیورٹی گارڈ نے اپنی جان قربان کرکے دہشتگردوں کو اندر داخل ہونے سے روکا۔ دشمن امن کو خراب کرنے کی کوششوں میں ناکام رہے گا۔

آرمی چیف نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے ایک بار پھر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں سے حاصل امن اور استحکام کو خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اپنی پرعزم قوم کی حمایت کے ساتھ ہم دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس کا فوری ایکشن قابل تحسین ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے مختصر وقت میں دہشت گردوں کا خاتمہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی سفارتخانے کی پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ کی شدید مذمت

ادھر امریکی سفارتخانے نے بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشتگرد حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد حملے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لیے دعا گو ہیں۔ ہمارا ملک دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ حملہ کرنے والے چاروں دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ اور دستی بم حملے میں ایک سب انسپکٹر اور 3 سیکیورٹی گارڈ شہید جبکہ 3 پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔
 

Advertisement