کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے آر آر ایف اہلکاروں کو انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیل کے مطابق ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے ڈی آئی جی کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے انھیں جہنم واصل کرنے والے اہلکار کو تعریفی سند سمیت نقدی انعام بھی دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سٹاک ایکسچیج پر آر آر ایف کی ایک کمپنی تعینات ہے جس میں 25 کمانڈوز تعینات ہوتے ہیں۔ آئی جی سندھ کو بھی مزید انعام کیلئے لکھ دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حملے کے پہلے 8 منٹ کے اندر رینجرز، پولیس اور پرائیویٹ گارڈ نے چاروں دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا دیا تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کو بلڈنگ کے داخلی راستے پر ہی روک لیا تھا جس کی وجہ سے وہ اپنے ناپاک مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: رینجرز، پولیس اور پرائیویٹ گارڈ نے 8 منٹ میں چاروں دہشتگردوں کو ٹھکانے لگایا
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سٹاک ایکسچینج کی عمارت پر 10 بج کر 2 منٹ پر فائرنگ کی گئی، 10 بج کر 10 منٹ پر واقعہ کا اختتام ہوگیا۔ 4 دہشتگردوں نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، 8 منٹ میں چاروں دہشتگردوں کو مار دیا گیا تھا۔
میجر جنرل عمر بخاری کا کہنا تھا پہلی انٹرنس میں 2 دہشتگردوں کو مار دیا گیا جس کی وجہ سے ان کے دیگر ساتھی عمارت کے اندر داخل نہیں ہو سکے۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے کچھ شہری بھی زخمی ہوئے۔ دہشتگرد اندر داخل ہو کر وہاں موجود افراد کو یرغمال بنانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ دہشتگردوں سے کھانے پینے کی اشیا بھی ملیں۔
ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار میڈیا کو دہشتگرد واقعہ کے بارے میں بتاتے ہوئے۔