سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں ایک ماہ کی توسیع کر دی، نوٹیفکیشن جاری

Last Updated On 16 July,2020 09:52 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ گزشتہ نوٹیفکیشن کے مطابق رات 12 بجے لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہوگئی تھی۔

نئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں 15 اگست تک لاک ڈاؤن جاری رہے گا، اس دوران تعلیمی ادارے، شادی ہالز، بزنس سینٹر اور ایکسپو ہالز بند رہیں گے۔ ریسٹورنٹ میں رات 11 بجے تک ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی، ہفتہ اور اتوار کو گروسری اور فارمیسی کے علاوہ کاروبار مکمل بند رہے گا۔

 خیال رہے لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات کے بعد اموات میں بتدریج کمی آنے لگی، مزید 40 افراد جاں بحق جبکہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار 914 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 145 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 88 ہزار 539، سندھ میں ایک لاکھ 8 ہزار 913، خیبر پختونخوا میں 31 ہزار 217، بلوچستان میں 11 ہزار 322، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 750، اسلام آباد میں 14 ہزار 402 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 771 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 16 لاکھ 52 ہزار 183 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 262 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 78 ہزار 737 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 942 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 426 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 51، سندھ میں ایک ہزار 888، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 120، اسلام آباد میں 156، بلوچستان میں 127، گلگت بلتستان میں 38 اور آزاد کشمیر میں 46 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Advertisement