خیبر پختونخوا: 4 ماہ سے معطل انسداد پولیو مہم کا 20 جولائی سے آغاز

Last Updated On 18 July,2020 07:03 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں کورونا وباء کے باعث 4 ماہ سے معطل انسداد پولیو مہم 20 جولائی سے شروع ہوگی۔

پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہمات 4 ماہ کے تعطل کے بعد بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 20 جولائی سے 5 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم شروع ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا ،78 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے، تعطل سے بچوں کی قوت مدافعت کم ہونے کے خطرات بڑھ گئےہیں ،مہمات بحالی کا فیصلہ وفاق اور معاون اداروں کی مشاورت سے کیا۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کے لیے 609 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ،594 موبائل اور 15 فکسڈ ٹیمیں بھی شامل ہیں ۔۔ٹیموں کی نگرانی کے لیے 167 ایریا انچارج تعینات ہوں گے۔

تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ پولیو ورکز کےلیے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے ہیں، ورکرز اور سٹاف کو کورونا وائرس کے تناظر میں محفوظ ویکسینیشن تربیت دی ہے، مہم کے دوران سماجی فاصلہ اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقنی بنایا جائیگا، پولیو ورکروں کو ماسک، سینی ٹائزر،انفراریڈ تھرمامیٹر فراہم کیے گئے ہیں۔

تیمور جھگڑا نے اپیل کی کہ والدین انسداد پولیو مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
 

Advertisement