وزیراعظم عمران خان کا جشن آزادی کے موقع پر قوم کے نام ویڈیو پیغام

Published On 14 August,2020 12:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے 74ویں جشن آزادی پر قوم کے نام ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ ملکی حالات بہتر ہو رہے ہیں، کورونا کیخلاف جنگ ابھی نہیں جیتی، شہری ماسک استعمال کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم کو 74 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائد کے پاکستان کی طرف ہمارا سفر شروع ہو چکا ہے۔ ایسا پاکستان جس میں تمام شہریوں کے لیے قانون کی یکساں حکمرانی ہو۔ جب ہمیں حکومت ملی بڑے مشکل حالات تھے۔ 2 سال کی جدوجہد کے بعد معیشت بحالی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، سستی بجلی بنانے کے نئے معاہدے کئے ہیں جس سے گردشی قرضوں میں کمی آئے گی۔اب حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ تعمیراتی شعبے میں بہتری سے معیشت بہتری ہو رہی ہے۔ اصلاحات کا اگلا ہدف بجلی کی تقسیم کا نظام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں متحد کھڑی ہے، ہم کشمیریوں کو ہرسطح پر ہر قسم کی مدد فراہم کریں گے،  کشمیری بھارت کے غیرقانونی قبضے کےخلاف بہادری سے لڑرہے ہیں۔ 

قبل ازیں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ ستر سالوں سے ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا ہے، ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی دشمنی، دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے، قدرتی آفات، وبائی امراض کا بھی ہماری قوم نے ہمیشہ استقامت سے مقابلہ کیا، ہم مستقبل میں ہر مسئلے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کا دن قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کیلئے عہد کرنے کا دن ہے، گزشتہ 70 سال میں ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، ہم نے اندرونی اور بیرونی محاذوں پرجنگ لڑی، قوم نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، ہم آج عہد کرتے ہیں کہ ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے، ایک ایسا نظام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمارا دل مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں کے دکھ میں غمزدہ ہے، وادی میں گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرہ جاری ہے، ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق بتاتے رہیں گے، ہمیں یقین ہے بہادر کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کامیاب ہو گی۔
 

Advertisement