اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کی تشکیل کے خلاف اور رپورٹ کالعدم قرار دینے کی پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کردی، عدالت نے چینی انکوائری رپورٹ قانون کے مطابق قرار دے دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر ملز مالکان کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے چینی انکوائری کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو درست قرار دیا ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اداروں کو چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس لبنی سلیم پرویز پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی انٹرا کورٹ اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے قرار دیا کہ چینی بحران کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے بننے والے انکوائری کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو محض تکنیکی نقائص کے شک پر کالعدم قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی انکوائری رپورٹ پر شوگر ملز مالکان کی انکوائری کمیشن رپورٹ پر کاروائی روکنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔
اس سے قبل چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے پہلے ہی پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے خلاف شوگر ملز مالکان نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔