اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین کیساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کو اہمیت دیتے ہیں، چین اور پاکستان کے مشترکہ اہداف و مقاصد ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے توانائی، مواصلات، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، مالیاتی اور صنعتی سیکٹر سے تعلقات رکھنے والی چین کی 10 سرفہرست کمپنیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔
وفد میں پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنہ، چائنہ روڈ اینڈ بریج کارپوریشن، چائنہ گیژوبا (گروپ) پاکستان، چائنہ تھری گورجیز ساﺅتھ ایشیا انوسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ، چائنہ ریلوے گروپ لمیٹڈ، انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور چائنہ موبائل پاکستان لمیٹڈ کے نمائندے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: چین مشترکہ مستقبل کیلئے پاکستان کیساتھ کام کرنے کو تیار ہے، صدر شی جن پنگ
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅجنگ اور ہائیر کمپنی کے سی ای او جاوید آفریدی بھی موجود تھے۔ وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر صنعت محمد حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر بخاری، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چینی وفد نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری کمیونٹی کو سہولتوں کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وفد نے موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں بالخصوص کاروبار آسانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف سیکٹرز میں کاروبار کو مزید توسیع دینے اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خطے کے مستقبل کا انحصار پاکستان کی ترقی سے جڑا ہے، چینی سفیر یاؤجنگ
چینی وفد کا کہنا تھا کہ پالیسی اور عملدرآمدی سطح پر مختلف اصلاحات متعارف کرانے سے چینی کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ہم پاکستان کو اہم پارٹنر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ ہماری حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی علاقائی سلامتی، خود مختاری اور آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے: چین
عمران خان نے چینی کمپنیوں کے نمائندوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ چین اور پاکستان کے مشترکہ اہداف و مقاصد ہیں، دونوں ملکوں کے مابین کاروباری تعلقات کا استحکام ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
PM met top Chinese Investors working on various projects.Showed their keenness to further explore areas for investment in Pakistan,owing to improving business climate. PM directed all cabinet members to facilitate future investment as special priority. #cpec #CPECMakingProgress pic.twitter.com/ZQNEu4ZRhT
— Asim Saleem Bajwa (@AsimSBajwa) August 24, 2020
دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں سی پیک اتھارٹی کے چیئر مین اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ چینی تاجروں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اس ملاقات کے دوران ماحول، ملک میں سرمایہ کاری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔