حضرت امام حسینؓ کا لہو تاقیامت حق، اصول اور سچائی کی گواہی دیتا رہے گا: شہبازشریف

Published On 29 August,2020 07:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم عاشور پر حضرت امام حسینؓ، اہل بیت اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کا پاکیزہ لہو تا قیامت حق، اصول اور سچائی کی گواہی دیتا رہے گا۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ خاتم الانبیاء کے پیارے نواسے نے اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی، اپنے اہلخانہ اور ساتھیوں کی عظیم قربانی پیش کی حضرت امام حسین کی شہادت حق اور باطل کا فرق واضح کرنے کے لیے تھی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ دنیا میں آج بھی حضرت امام حسینؓ اور یزید کی سوچ کے درمیان جنگ جاری ہے۔ دنیا میں ایک طرف انصاف، حق، اصول، سچائی کے علم بردار ہیں، دوسری جانب اقتدار، اختیار، آمریت، فسطائیت اور جھوٹ پر کاربند قوتیں ہیں۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ کے پیروکار دنیا میں امن، انصاف اور عوام کی بھلائی کے راستے پر چل رہے ہیں، باطل قوتیں ظلم وجبر، اصول اور عوام کے حقوق کی پامالی اور استحصال کا نشان ہیں۔ حسینؓ کا نام ہر یزیدی سوچ اور کردارکی موت ہے۔

اس سے قبل شہباز شریف کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام سے یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کی مدد کے لیے جامع منصوبہ بندی کی راہ اپنائے ۔ پوری قوم متحد ہو کر سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں بہنوں کی مدد کرے۔

مسلم لیگ نون کے صدر نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لئےکوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
 







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے