ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالے مزید 13 تعلیمی ادارے بند

Published On 18 September,2020 10:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ملک بھر میں مزید 13 تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے، حفاظتی انتظامات پر عمل درآمد نہ کرنے کے باعث سیل تعلیمی اداروں کی تعداد 35 ہوگئی۔

 این سی او کے مطابق بند کیے گئے سکول کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے تھے، سیل کئے گئے تعلیمی اداروں میں سے 10 خیبرپختونخوا اور 3 سندھ کے ہیں۔ کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات پرعمل نہ کرنے پر بند کئے گئے تعلیمی اداروں کی تعداد 35 ہوگئی۔

سکول میں بارشوں کے بعد پانی جمع ہونے کی شکایات پر صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے دورے جاری ہیں، سعید غنی نے ایگرو ٹیکنیکل گورنمنٹ بوائز سیکنڈری سکول نیو کراچی کا دورہ کیا۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ نالا اوور فلو ہونے کے باعث علاقے کا سیوریج کا نظام تباہ ہوگیا، انتظامیہ پانی کی نکاسی کیلئے کوشاں ہے۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 408 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 4 ہزار 386 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 98 ہزار 142، سندھ میں ایک لاکھ 33 ہزار 125، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 242، بلوچستان میں 13 ہزار 991، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 381، اسلام آباد میں 16 ہزار 33 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 472 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 30 لاکھ 90 ہزار 660 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 865 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 91 ہزار 683 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 579 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 408 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 225، سندھ میں 2 ہزار 455، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 257، اسلام آباد میں 180، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 66 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

Advertisement