عثمان بزدار نے پنجاب میں نرسنگ کیڈر کی بہتری کیلئے اقدامات کی اصولی منظوری دے دی

Published On 25 September,2020 11:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں نرسنگ کیڈر کی بہتری کیلئے اقدامات کی اصولی منظوری دے دی۔ نرسوں کے سروس سٹرکچر کو اپ گریڈ، ترقیوں کے امور کو سٹریم لائن کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

نرسنگ کے شعبہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے سکالر شپ دینے کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلی پنجاب کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ نرسنگ سکولوں کو نرسنگ کالجوں میں اپ گریڈ کیا جائے گا، نرسنگ کالجوں کے ساتھ ہاسٹل بھی بنائے جائیں گے، نرسوں کو سکالر شپ پر بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ نرسوں کیلئے بڑے پیکیج کا جلد اعلان کریں گے، نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے، نرسوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، پنجاب حکومت نے شعبہ صحت میں انقلابی اصلاحات کی ہیں، 50 لاکھ سے زائد صحت انصاف کارڈ مستحق افراد میں تقسیم کرچکے ہیں، صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار مرحلہ وار مزید بڑھائیں گے، صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہونے والے افراد کو آگاہی دینے کیلئے بھر پور مہم چلائی جائے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو بھی پینل میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے، پنجاب ہیلتھ انیشٹیو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ کو جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کیلئے بزنس پلان جلد تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا محکمہ صحت متعلقہ حکام کے ساتھ ملکر جتنی جلدی ہوسکے حتمی سفارشات پیش کرے، ادارے کو متحرک اندازمیں چلانے کیلئے تمام آپشن سامنے رکھ کر فیصلے کیے جائیں۔
 

Advertisement