فیصل آباد: (دنیا نیوز) طلال چودھری پر تشدد کے سلسلے میں ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی، نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی طلال چودھری اور عائشہ رجب علی کے معاملے کی تحقیقات کر کے تین روز میں رپورٹ دے گی۔
سابق لیگی ایم این اے طلال چوہدری پر تشدد کے معاملہ پر پولیس کی 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اے ایس پی پیپلز کالونی عبدالخالق کمیٹی کے سربراہ ہونگے۔ ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹاؤن اور ایس ایچ او تھانہ ویمن فرح بتول کمیٹی کے ممبر ہیں۔ کمیٹی طلال چوہدری اور عائشہ رجب کے بیانات قلمبند کرے گی۔ کمیٹی کو تین روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز طلال چودھری کو کسی نے مارا جس سے ان کا کندھا ٹوٹ گیا اور دونوں بازروں فریکچر ہوئے، زرائع کے مطابق طلال چودھری اور عائشہ رجب علی کے درمیان پہلے اچھے تعلقات بھی رہے، دونوں کے درمیان کچھ عرصہ قبل لڑائی ہوئی تو بڑھتی چلی گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق ن لیگی ایم این اے طلال چودھری کو زخمی حالت میں لاہور کے نجی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ۔ واقعہ کے حوالے سے سابق لیگی ایم این اے کا کہنا تھا کہ میرا بازو فریکچر ہو گیا، مجھے انہوں نے تنظیم سازی کے لیے بلایا تھا، انہوں نے میرا موبائل فون پکڑ کر ویڈیو بنا لی۔