وفاقی وزیر تعلیم نے 15 اکتوبر سے تعلیمی ادارے بند ہونے کی خبر غلط قرار دیدی

Published On 06 October,2020 02:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے 15 اکتوبر سے دوبارہ بند ہونے کی خبر کو جعلی قرار دیتے ہوئے تردید کر دی۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کئے گئے اپنے پیغام میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں محض افواہیں ہیں، ان میں کوئی سچائی نہیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد سکولوں سمیت تعلیمی ادارے تقریبا 6 ماہ بعد مرحلہ وار کھولے گئے ہیں۔


یہ امر قابل ذکر ہے کہ صوبہ سندھ میں تعلیمی اداروں کے کھلنے کے بعد کورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری ہیں جس کے سبب کورونا وبا کے دوبارہ پھیلنے کے خدشات سر ابھار رہے ہیں۔ محکمہ مانیٹرنگ اینڈ ایوولیشن ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی واضح ہدایات کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔