'ملک کو لوٹنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے بیرون ملک بیٹھے ہیں'

Published On 13 October,2020 03:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے اپوزیشن رہنما ٹائیگر فورس کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے، ہمارے نوجوانوں کو چور اور ڈاکو کہہ کر مخاطب کیا جا رہا ہے، ملک کو لوٹنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے بیرون ملک بیٹھے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹائیگر فورس کے پاس اختیارات نہیں، کمشنر، ڈپٹی کمشنرز کے پاس ہیں، ٹائیگر فورس نشاندہی کر کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کی معاونت کر رہے ہیں، ٹائیگر فورس کے نوجوان بغیر تنخواہ قومی جذبے سے کام کر رہے ہیں، ٹائیگر فورس ایک نظریہ ہے، اپوزیشن ٹائیگر فورس کے حوالے سے غیر مناسب بیانات دیتی ہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا اپوزیشن نے ایسے الفاظ کبھی را کیلئے استعمال نہیں کیے ہوں گے، اپوزیشن کو یقین ہی نہیں کوئی قومی جذبے سے ملکی خدمت کرسکتا ہے، ہمارے نوجوان اثاثہ ہیں، بلامعاوضہ ملک کی خدمت کرتے ہیں، ٹائیگر فورس پہلے بھی کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سرگرم تھی، ٹائیگر فورس کے نوجوان ہیرو ہیں، بغیر لالچ آگے آئے ہیں، ٹائیگرفورس کی حوصلہ افزائی ہماری ذمہ داری ہے، اپوزیشن ٹائیگرفورس کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا لاکھوں نوجوانوں نے کورونا کے دوران ذمہ داریاں سرانجام دیں، احساس کیش سینٹرز پر ٹائیگر فورس کے نوجوانوں نے خدمات سرانجام دیں، مساجد میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے ٹائیگر فورس نے کام کیا، کسی وزیراعظم نے آج تک نوجوانوں پر اعتماد نہیں کیا، پہلے بھی ٹائیگر فورس کے نوجوان نشاندہی کر رہے تھے اب بھی کریں گے۔
 

Advertisement