لاہور: (روزنامہ دنیا) پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کورونا وبا کی وجہ سے پہلے ہی تعلیم کا کافی نقصان ہوچکا ہے اس لیے صوبے کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رواں برس سموگ کی وجہ سے تعطیلات نہیں ہوں گی۔ حکومت نے انصاف اکیڈمیز متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا جہاں سے طلبہ گھر میں بیٹھ کر لیکچر لے سکیں گے اور ٹیسٹ دیں سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں متعدد نجی اکیڈمیز کام کررہی ہیں لیکن وہ بھاری فیسز لے رہی ہیں اور انہیں ایسی بہت سی رپورٹس ملی ہیں کہ اساتذہ نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ نصاب مکمل کروانے کے لیے اپنے بچوں کو ان نجی اکیڈمیز میں داخل کروائیں۔
انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد حکومت نے انصاف اکیڈمیز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں بہترین اساتذہ نویں سے 12ویں جماعت تک کے طلبہ کو 5 مضامین میں لیکچرز دیں گے۔