پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ محمود خان کی کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی کا اجلاس ہوا، جس میں محکمے کی کارکردگی، اصلاحات، میگا منصوبوں اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 243 منصوبے شامل ہیں، منصوبوں میں 216 جاری اور 27 نئے منصوبے شامل ہیں، ضم شدہ اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 70 منصوبے شامل ہیں۔
محمود خان نے ہدایت دی کہ ٹھیکوں میں مزید شفافیت کے لئےای ورک آرڈر اور ای بلنگ سسٹم رائج کیا جائے، محکمے کے تحت نہروں پر غیرقانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں، محکمے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔