پنجاب حکومت نے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اہم اقدامات کی منظوری دیدی

Published On 14 October,2020 12:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دے دی۔ پنجاب روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کرے گا۔

پنجاب نے فلور ملز کو روزانہ مزید 2 ہزار میٹرک ٹن گندم ریلیزز بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ گندم کی ریلیز ز کو بتدریج 21 ہزار میٹرک ٹن روزانہ تک بڑھایا جائے گا۔ پنجاب میں اس وقت 17 ہزار میٹرک ٹن گندم روزانہ فلور ملز کو ریلیز کی جا رہی ہے۔

پنجاب بھر میں قیمتوں اور آٹے کی فراہمی کے حوالے سے انسپکشن کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متعلقہ منسٹرز، سیکرٹریز اور ضلعی آفیسرز کمیٹیوں میں شامل ہوں گے، انسپکشن کمیٹیاں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گی۔

مہنگائی کے خلاف ٹائیگر فورس کے کردار کا بھی تعین کر دیا گیا، ٹائیگر فورس مہنگائی کے خلاف تھرڈ پارٹی کے طور پر کام کرے گی۔ ٹائیگر فورس براہ راست ایکشن نہیں لے گی بلکہ ایپ کے زریعے حکومت کو فیڈ بیک دے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی کو روکا جائے گا، فلورملز کو گندم کی ریلیز کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا، کسی بھی قسم کی کرپشن کے خلاف زیر و ٹالرنس ہوگی، غفلت اور کرپشن میں ملوث آفیسرز اور دیگر افراد کو قرارواقعی سزا دی جائے گی، اشیائے خورد ونوش کی ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے کو یقینی بنایا جائے گا، سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی والے علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب میں گنے کے کرشنگ سیزن کا آغاز 10 نومبر سے ہوگا، معاملہ کل کابینہ کے ایجنڈے پر بھی رکھ لیا گیا، جن بنیادی اشیائے ضروریہ کی کمی ہے ان کو وفاقی حکومت کو امپورٹ کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

عثمان بزدار نے کہا عوام حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، حکومت عوامی توقعات پر پورا اترے گی، مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سختی قانونی ایکشن ہوگا۔
 

Advertisement