اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ذاتی ایجنڈے میں عوام ساتھ نہیں، ملکی تحفظ کے ضامن اداروں کے خلاف مہم جوئی کی اجازت نہیں دیں گے، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔
شبلی فراز نے لیگی رہنما خواجہ آصف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی نازیبا زبان کی مذمت کرتے ہوئے کہا اپوزیشن رہنماؤں نے جلسے میں نازیبا زبان استعمال کی، خواجہ آصف اور بلاول بھٹو نے غیر مناسب زبان استعمال کی، بلاول نے خواتین سے متعلق جو زبان استعمال کی اس پر افسوس ہوا، جلسے میں اداروں کے خلاف زبان استعمال کی گئی۔
وزیر اطلاعات نے کہا اپوزیشن سٹیڈیم نہیں بھرسکی اور کیا چیلنج قبول کرے گی، اپوزیشن کا پہلا شو فلاپ ہوا، ان کا کوئی مستقبل نہیں، عوام اپوزیشن کے ذاتی ایجنڈے کیلئے کبھی نہیں نکلے گی، نواز شریف کے ذاتی ایجنڈے کیلئے عوام کبھی ساتھ نہیں دیں گے، اپوزیشن کو کل کے ناکام جلسے سے سبق سیکھ لینا چاہیئے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا یہ دشمن کے بیانیے کو آگے بڑھا رہے ہیں، میں نواز شریف کے باہر جانے کے خلاف تھا، جب ایسے لوگ باہر جاتے ہیں تو وہ عالمی ایجنڈے کا حصہ بن جاتے ہیں، کیا اداروں کیخلاف بات غداری کے زمرے میں نہیں آتی ؟ نواز شریف کو لندن سے واپس لایا جائے گا، پی ڈی ایم کے جلسے میں کشمیر اور کلبھوشن پر بات نہیں کی گئی۔
فواد چودھری نے کہا اصلیت نظر آنے پر اپوزیشن کو مزید جلسوں پر نظر ثانی کرنی چاہیئے، امید ہے اپوزیشن باقی جلسے موخر کر دے گی، لیگی کارکنوں نے خود کو علیحدہ کرلیا ہے، ن لیگ والوں سے کہتا ہوں خطرناک کھیل نہ کھیلیں، نواز شریف کو سمجھ نہیں آ رہی کہ کیسے بدلہ لیں، اداروں پر نواز شریف کی تنقید ایسی ہے جیسے روٹھی ہوئی محبوبہ ہو، پاکستان کے اداروں پر تنقید بھارت کا ایجنڈا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا 11 جماعتیں اکٹھی ہو کر بھی 15 سے 18 ہزار افراد جمع کرسکیں، فضل الرحمان نے خالی کرسیوں سے خطاب کیا، عمران خان نے کہا تھا جب احتساب ہوگا تو سب اکٹھے ہوجائیں گے۔