اقوام متحدہ کی پشاور بم دھماکے کی شدید مذمت، واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار

Published On 27 October,2020 04:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے پشاور کے ایک مدرسہ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جس میں متعدد معصوم طالب علم شہید اور زخمی ہوئے۔

پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے پاکستان میں اس سنگین واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ منگل کو پشاور کے مدرسہ جامعہ زبیریہ میں اس وقت دھماکہ ہوا جب بچے درس لے رہے تھے۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر کے حکام نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پشاور میں مدرسے کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں متعدد بچوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاع پر دل گرفتہ ہوں۔ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انشاء اللہ دہشتگردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔ اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت، بلندی درجات اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔

ادھر مدرسہ جامعہ زبیریہ دھماکے میں شہید افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ ان میں سے دو میتوں کو نماز جنازہ کے بعد افغانستان روانہ کیا گیا۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 5 سے 6 کلوگرام بارود استعمال کیا گیا۔ بنوں اور باجوڑ میں واقعے کے ذمہ داروں کو پکڑا گیا ہے لیکن تفتیش شیئر نہیں کرسکتے۔

آئی جی ڈاکٹر ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں 30 ہزار مساجد اور 4 ہزار مدرسے ہیں۔ چارسدہ سے متعلق تھریٹ تھا۔ واقعہ پر انتہائی دکھ ہے۔ کئی واقعات کے ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔ پولیس اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھا رہی ہے۔

 

Advertisement