کراچی: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث تعلیم کو نقصان ہوا، سکول بند رہے، سکول کھلے ہیں لیکن کچھ نہیں پتہ کے دوبارہ کب بند ہو جائیں۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے طلبہ میں مفت ٹیبلیٹس کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بہت سے علاقوں میں انٹرنیٹ اور سہولیات نہیں مگر 6 فیصد علاقوں میں سب ہے، سکول بند ہوئے تو ٹیبلیٹس کے ذریعے بچے گھر بیٹھ کر آن لائن پڑھ سکیں گے۔
سعید غنی کا کہنا تھا 30 سے زائد نئے سکولوں میں بھی تعلیم کا سلسلہ جلد شروع کیا جائیگا، جو این جی اوز ہمارے ساتھ تعلیم کیلئے کام کرنا چاہیں وہ آگے بڑھیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 775 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 108 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 908 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 3 ہزار 587، سندھ میں ایک لاکھ 44 ہزار 765، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار 277، بلوچستان میں 15 ہزار 576، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 211، اسلام آباد میں 19 ہزار 454 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 938 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 43 لاکھ 76 ہزار 604 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 449 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 12 ہزار 638 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 624 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 16 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 775 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 347، سندھ میں 2 ہزار 611، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 273، اسلام آباد میں 215، بلوچستان میں 149، گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 88 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔