لاہور: (دنیا نیوز) لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مخص انتقام کیلئے ایاز صادق کے خلاف ہرزہ سرائی ہو رہی ہے، ایاز صادق کے الفاظ درست نہیں تھے تو اس وقت سپیکر کہاں تھے ؟ حکومت صرف اپوزیشن کے بیانات بھارتی بیانیے سے جوڑنے میں لگی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کو اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائی کے سوا کوئی کام نہیں، حکومت کے بر وقت فیصلے نہ کرنے کا بوجھ عوام اٹھا رہی ہے، وزیراعظم نے آئی جی جیل سے شہباز شریف اور حمزہ کو سہولیات نہ دینے کا کہا، انتقام کی آگ گلی محلے تک پھیل گئی تو حالات قابو میں نہیں رہیں گے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے، معیشت کی تباہ حالی بھی سب کے سامنے ہے، بجلی، چینی اور آٹے کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا، ملک میں کوئی عوامی فلاح کا کام نہیں ہو رہا، حکومتی فیصلے بروقت نہ ہونے سے بوجھ عوام پر پڑا، نالائق اور نااہل ٹولہ ملک پر مسلط ہے، ایجنڈا کچھ ہوتا ہے اور وزیراعظم کہتے ہیں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، حکومتی ترجمانوں کا کام اپوزیشن کیخلاف بیانیہ بنانا ہے۔