پنجاب ایپکس کمیٹی اجلاس، تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات قبل ازوقت دینے کی تجویز

Published On 12 November,2020 05:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات قبل ازوقت دینے کی تجویز دے دی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید اور اعلیٰ عسکری اور سیاسی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے شرکا نے کورونا کے مریضوں کی تعداد اور شرح اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھاتے ہوئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں صوبے میں ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ جبکہ سیاسی، سماجی، ثقافتی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیرون ملک خصوصاً بھارت سے آنے والے افراد کو قرنطینہ میں رکھنے کی سفارش بھی کی گئی۔

اس کے علاوہ کھلے مقامات پر شادی بیاہ کیلئے مہمانوں کی تعداد محدود کرنے کی سفارش اور تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات قبل از وقت کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔

کور کمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی جانب سے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔
 

Advertisement