گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں انتخابی میدان سجنے کو تیار ہے، الیکشن مہم کا آج آخری روز ہے۔ سیاسی جماعتوں کی ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔
گلگت بلتستان کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ پیپلز پارٹی نے تمام 23 نشستوں پر امیدوار میدان میں اتارے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے 21، 21 امیدوار قسمت آزمائی کریں گے۔ 4 خواتین امیدوار بھی انتخابی معرکے میں موجود ہیں۔ انتخابی سامان کی ترسیل جاری ہے جبکہ پولنگ سٹیشنز پر عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ صاف شفاف الیکشن کیلئے پرعزم ہیں۔ سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ پوسٹل بیلٹ کی جانچ امیدواروں کے سامنے ہوگی۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی پانچ سالہ میعاد 24 جون 2020ء کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد انتخابات 18 اگست کو ہونے تھے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے انھیں تین ماہ کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
اگر گلگت بلتستان اسمبلی کا جائزہ لیں تو یہ 33 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں سے 24 ارکان کا براہ راست انتخاب ہوتا ہے جبکہ خواتین کے لیے 6 اور ٹیکنوکریٹس کی 3 مخصوص نشستیں ہیں۔
امیدواروں کی حتمی فہرست کے مطابق 23 حلقوں سے 326 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ایک حلقہ جی بی اے 3 کی فہرست ابھی جاری ہونی ہے۔ گلگت بلتستان انتخابات 2020ء میں حلقہ گلگت 3 وہ واحد حلقہ ہے جہاں پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے اور اب یہاں انتخابات نومبر 22 کو ہونگے۔
اس حلقے میں تحریک انصاف کے امیدوار اور مقامی صدر جسٹس (ر) سید جعفر شاہ انتقال کر گئے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پہلے اس حلقے میں انتخابات ملتوی کر دئیے اور پھر انتخابات کے لیے 22 نومبر کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
سب سے زیادہ امیدواروں کی تعداد حلقہ 5 نگر 2 اور حلقہ 20 غذر 2 سے سامنے آئی ہے جہاں سے 26، 26 امیدوار مدمقابل ہیں۔ اس کے علاوہ چار حلقے ایسے ہیں جہاں امیدواروں کی تعداد 20 یا اس سے زائد ہے۔
گلگت بلتستان حلقہ 12 شگر اور حلقہ 9 سکردو ایسے حلقے ہیں جہاں سے صرف چار، چار امیدوار حصہ لے رہے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان حلقوں میں کوئی آزاد امیدوار حصہ نہیں لے رہا ہے۔
بڑی سیاسی جماعتوں میں سب سے زیادہ امیدوار پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان میں اتارے ہیں اور کسی بھی حلقے کو خالی نہیں چھوڑا۔ پاکستان تحریک انصاف نے دو حلقوں جی بی 05 نگر 2 اور جی بی 08 سکردو 2 میں مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے اور اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے جبکہ ایک حلقے میں ایم ڈبلیو ایم نے تحریک انصاف کی حمایت میں اپنا امیدوار دستبردار کرا لیا ہے۔
یوں تحریک انصاف نے کل 22 امیدوار (بشمول حلقہ 03) میدان میں اتارے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بھی دو حلقوں میں موزوں امیدوار نہ ملنے کی وجہ سے 22 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔