گلگت بلتستان الیکشن: 2 سابق وزرائے اعلیٰ اور قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کو شکست

Published On 16 November,2020 09:05 am

سکردو: (دنیا نیوز) گلگت بلتسان کے عوام نے دو سابق وزرائے اعلیٰ اور قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کو مسترد کر دیا۔ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کے سابق وزرائے اعلی انتخابی ریس سے آؤٹ ہوگئے۔

 گلگت بلتستان کے عوام نے سب اندازے غلط ثابت کر دیئے۔ جی بی 7، سکردو 1 سے پی ٹی آئی کے راجہ زکریا مقپون نے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ کا برج الٹایا۔

جی بی ایل اے ٹو گلگت سے پیپلزپارٹی کے جمیل احمد نے مسلم لیگ ن کے سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کو شکست سے دوچار کیا۔ جی بی 9، سکردو تھری سے آزاد امیدوار وزیر محمد سلیم نے تحریک انصاف کے امیدوار اور سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی فدا محمد ناشاد کو شکست دی۔

وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کی بھی ایک نہ چلی، جی بی ایل اے 22 گانچھے ون سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے نواز لیگ کے سابق صوبائی وزیر ابراہیم ثنائی نے آزاد امیدوار مشتاق حسین کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھا۔

جی بی ایل اے 10 سکردو سے سیاست کے پرانے کھلاڑی اور تحریک انصاف میں شامل ہونے والے وزیر حسن کو آزاد امیدوار ناصر علی نے ہرایا۔

گلگت بلتستان الیکشن کے 23 حلقوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آچکے ہیں جس میں پاکستان تحریک انصاف 9، آزاد امیدوار 7 نشستوں پر کامیاب رہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4، ایم ڈبلیو ایم 1 اور مسلم لیگ ن 2 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو سکی۔
 

Advertisement