گلگت بلتستان کی عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کر دیا، وزیراعظم

Published On 16 November,2020 06:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان انتخابات جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے یہ بات اپنی سربراہی میں ہونے والے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کے اجلاس میں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ملک سے کوئی غرض نہیں ہے۔ گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر مسائل حل کرینگے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‏پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی فتح گلگت بلتستان کے عوام کا وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کےعوام نے مسلم لیگ ن کے بیانیے کو یکسر رد کرکے وزیراعظم عمران خان کےنظریے کی صداقت پر مہر ثبت کر دی ہے۔

شبلی فراز نے گلگت بلتستان انتخابات کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے پہلے ہی دھاندلی کا راگ الاپنا شروع کر دیا تھا، ان کا ہمیشہ سے بیانیہ رہا کہ الیکشن وہی درست ہیں جس میں انہیں کامیابی ملے۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے۔ پی ٹی آئی نے 23 میں سے 9 نشستیں حاصل کیں، 7 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی 4 اور نواز لیگ کے حصے میں 2 نشستیں آئیں۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے جی بی اے 6 ہنزہ سے عبید اللہ بیگ، جی بی اے 7 سکردو سے راجہ زکریا، جی بی اے 11 کھرمنگ سے امجد زیدی، جی بی اے 12 شگر سے راجہ اعظم، جی بی اے 13 استور سے خالد خورشید، جی بی اے 14 استور سے شمس الحق، جی بی اے 17 دیامر سے حیدر خان، جی بی اے 18 دیامر سے حاجی گلبر خان جبکہ جی بی اے 20 غذر سے نذیر احمد کامیاب ہوئے ہیں۔

دوسرے نمبر پر آزاد امیدواروں نے جیت کا بگل بجایا۔ جی بی اے 5 نگر سے جاوید منوا، جی بی اے 9 سکردو سے وزیر محمد سلیم، سکردو 10 سے راجہ ناصر علی اور جی بی اے 15 دیامر سے حاجی شاہ بیگ نے کامیابی سمیٹی۔ جی بی اے 19 غذر سے وزیر نواز خان ناجی، جی بی اے 22 گانچھے سے مشتاق حسین اور گانچھے 23 سے حاجی عبدالحمید جیت گئے۔

پیپلز پارٹی نے چار حلقوں سے کامیابی سمیٹی۔ امجد حسین جی بی اے 1 گلگت اور جی بی اے 4 نگر سے کامیاب ہوئے۔ جی بی اے 2 گلگت سے جمیل احمد جیتے جبکہ جی بی اے 24 گانچھےسے محمد اسماعیل کامیاب ہوئے۔

مسلم لیگ ن صرف 2 سیٹیں حاصل کر سکی، جن میں جی بی اے 16 دیامر سے انجینئر محمد انور اور جی بی اے 21 غذر سے غلام محمد کامیاب ہوئے۔ جی بی اے 8 سکردو سے ایم ڈبلیو ایم کے محمد کاظم نے فتح سمیٹی۔


 

Advertisement