کورونا بے قابو، پنجاب کے چھ شہروں کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Published On 18 November,2020 09:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس پھر بے قابو ہونے لگا۔ پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے کے چھ شہروں کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب کے 6 شہروں کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ لاہور میں پیرا گون سٹی، ویلنشیا ٹاؤن بلاک ایف ون، جوہر ٹاؤن کا بلاک جی ٹو، فور اور فائیو، ای ون اور ٹو جبکہ ایف ون اور ٹو شامل ہے۔

ڈی ایچ اے فیز فور کے سیکٹر ڈبل اے، ڈبل بی، ڈبل سی اور ڈبل ایف جبکہ فیز تھری کے سیکٹر ڈبل ایکس،فیز ون کا سیکٹر این، بلاک اے اور بی میں لاک ڈاؤن، ایف سی سی گلبرگ 4 کے علاقوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

ملتان میں جلیل آباد، ریلوے روڈ، گلگشت کالونی، خان ویلج ہاؤسنگ سوسائٹی، گارڈن ٹاؤن میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں سیکٹر C، فیز 1 ڈی ایچ اے، گلشن آباد، سٹریٹ 10 ہالی روڈ، بلاک بی فور علامہ اقبال سٹریٹ، مسلم ٹاؤن کے علاقے بند کر دیئے گئے ہیں۔

بہاولپور میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بغداد روڈ، ہاشمی گارڈن، ٹاؤناے، ماڈل ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن، نیو صادق کالونی میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے جبکہ سرگودھا کا محلہ قاسم پارک کی گلی نمبر ایک اور دو، گورنمنٹ ایم سی بوائز سکول کے گردونواح کا علاقہ بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

بھکر میں گلشن مدینہ اور محلہ خورشید شاہ کے علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، نجی وسرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ میڈیکل سٹورز، کلینکس، ہسپتال 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، آٹا چکیاں، فروٹ،سبزی کی دکانیں، تندور اور پٹرول پمپس کو صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کام کی اجازت ہے۔

 

Advertisement