سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے، ضلع جموں میں قابض فوج نے 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا، علاقے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں۔
غاصب بھارتی فوج چن چن کر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ٹرک میں سوار 4 نوجوان ہائی وے پر جموں سے سری نگر جا رہے تھے کہ قابض فوج کے اہلکاروں نے انہیں ناگ روٹا ٹال پلازہ پر گھیرے میں لے کر فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا، علاقے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ بھارتی فوج سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے، قابض فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
بھارت نے رواں برس اکتوبر تک 234 کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے 14 افراد کو دوران حراست شہید کیا گیا۔ دوسری طرف دلی سرکار نے 49 اضافی بٹالینز مقبوضہ کشمیر میں تعینات کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب نیویارک میں کشمیر مشن یو ایس اے کے زیر اہتمام بھارتی قونصل خانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں آزاد کشمیر کے جھنڈے اور پوسٹر اٹھائے پاکستانی و کشمیری شہریوں نے شرکت کی۔
مظاہرے کا مقصد کانفرنس کے شرکا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا تھا۔ احتجاج بھارتی قونصلیٹ میں امریکی کاروباری شخصیات کو دیئے گئے ناشتے اور کانفرنس کے موقع پر کیا گیا۔