اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم، این آر او کے حصول کیلئے انسانی زندگیاں خطرے میں ڈال رہا ہے، واضح کردوںیہ لاکھوں جلسے کرلیں این آر او نہیں ملے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اپوزیشن این آر او کیلئے انسانی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے، پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر سے صورتحال پہلے ہی تشویشناک ہے۔ پشاور میں وینٹی لیٹر پر جانیوالے کورونا مریضوں کی شرح 200فیصد رہی، 15 روز کے دوران کورونا مریضوں کی وینٹی لیٹر پر منتقلی بڑھی ہے۔ نتائج کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہو گی۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 22, 2020
حزب مخالف این آر او کے حصول کی مایوس کن کوششوں میں نہایت سفاکیت سے عوام کی زندگیاں اور روزگار تباہ کررہی ہے۔ میں یہ واضح کر دوں: یہ لاکھوں جلسے کرلیں، کوئی این آر او نہیں ملے گا!
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 22, 2020
میں قطعاً لاک ڈاؤن جیسا قدم نہیں اٹھانا چاہتا کیونکہ ہماری معیشت جس میں ٹھوس بحالی کے آثار فی الحال بالکل نمایاں اور واضح ہیں، اسکی زد میں آئے گی۔ بدقسمتی سے حزب مخالف این آر او جیسے ہدف کے تعاقب میں ہے چاہے عوام کی زندگیوں سے لیکر ملکی معیشت تک اسکی جو بھی قیمت ہو۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 22, 2020
انہوں نے کہا کہ ملتان میں بھی وینٹی لیٹر پر جانیوالے مریضوں کی شرح 200فیصد رہی، کراچی 148، لاہور 114، اسلام آباد میں 65 فیصد مریض وینٹی لیٹر پر گئے، اسلام آباد اور ملتان میں وینٹی لیٹر کا استعمال 70فیصد ہے، کیسز کی شرح یہی رہی تو مکمل لاک ڈاؤن پر مجبور ہوں گے۔