خیبرپختونخوا: لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا کمپلیکس دوبارہ بحال

Published On 24 November,2020 12:16 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا کی لہر میں تیزی آنے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا کمپلیکس دوبارہ بحال کر دیا گیا، آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا آغاز ہو گیا۔ صوبے بھر میں مختلف ہسپتالوں میں مہلک وائرس کیلئے مختص وارڈز کو بھی فعال کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے شادی ہال، ریسٹورنٹس اور ایک ہزار سے زائد دکانیں سیل کر دی جبکہ دو نجی بینک اور دو بھٹوں کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 48 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 64 ہزار 651، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 932، بلوچستان میں 16 ہزار 846، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558، اسلام آباد میں 27 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 203 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 56 ہزار 120 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 165 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 31 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 751 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 48 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 879، سندھ میں 2 ہزار 845، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 330، اسلام آباد میں 285، بلوچستان میں 163، گلگت بلتستان میں 95 اور آزاد کشمیر میں 147 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement