اسلام آباد: (دنیا نیوز) احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور اداکارہ ماہرہ خان دنیا کی سو بااثر اور متاثر کن خواتین میں شامل ہو گئیں، فہرست میں بھارت کے متنازعہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کی علامت مسلم خاتون بلقیس بانو بھی شامل ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے 2020 کی متاثر کن اور با اثر100 خواتین کے ناموں کی فہرست جاری کر دی۔ فہرست میں شامل احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر پاکستان میں غربت کے خاتمے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، فہرست میں ماہرہ خان کا نام بھی شامل ہے، اداکارہ جنسی تشدد کے خلاف توانا آواز ہیں۔
بھارت کی بلقیس بانو بھی بااثر خاتون ہیں، وہ دہلی میں بھارت کے متنازعہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کی علامت بن گئیں۔ ایرانی وکیل نسرین سوتودیح بھی فہرست میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں، نسرین اپوزیشن رہنماؤں کے حقوق، خواتین اور بچوں کے حقوق کیلئے متحرک کارکن ہیں۔
بنگلہ دیش کی رما سلطانہ بھی متاثر کن خواتین میں شامل ہیں، انہوں نے روہنگیا پناہ گزین بچوں کیلئے تعلیم کا بندوبست کیا، افغانستان کی روبوٹکس ٹیم لیڈر سومایا فاروقی ہیں بھی فہرست میں شامل ہیں، سومایا کی روبوٹکس ٹیم دی افغان ڈریمرز کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
با اثر اور متاثر کن خواتین کی فہرست میں امریکا، برطانیہ، جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک کی خواتین بھی شامل ہیں۔