اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں، تین وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیئے گئے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو من پسند وزارت مل گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے وزارت داخلہ، وزارت ریلوے اور وزارت نار کوٹکس کنٹرول کے وزراء تبدیل کر دئیے۔ کابینہ میں رد و بدل کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپ دیا۔ وزارت ریلوے کا قلمدان وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول اعظم سواتی کو دیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ وفاقی وزیر نارکوٹکس کنڑول ہوں گے۔
ادھر وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر شیخ رشید کی ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزارت داخلہ کی نئی ذمہ داری سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی۔ شیخ رشید نے اعتماد کرنے پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے بھی ملاقات کی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں کا اجلاس بھی ہوا جس میں ملکی تازہ سیاسی اور معاشی صورتحال حال پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے کابینہ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر بھی حکومتی اور پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شیخ رشید کو ٹیلی فون کرکے وزیر داخلہ بننے پر مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے آپ وزارت داخلہ احسن طریقے سے چلائیں گے۔ آپ جیسا دور اندیش سیاستدان وزارت داخلہ بہتر طور پر چلا سکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ امید ہے کہ بطور وزیر داخلہ آپ کی تقرری سے معاملات بہتر ہونگے۔