اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کو مزید توسیع دینے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں غربت کے خاتمے کے بارے میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ عالمی بینک نے احساس پروگرام کے لئے امداد دوگنا کر دی ہے جس سے مزید مستحق لوگوں کو سماجی تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے احساس پروگرام کو سماجی تحفظ کااہم منصوبہ اور دیگر ممالک کے لئے رول ماڈل قرار دیا۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے لئے وزیراعظم کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ماحول دوست قابل تجدید توانائی وسائل کی طرف منتقلی کا وزیراعظم کا اعلان خطے کو ماحولیاتی تبدیلی کے نقصان دہ اثرات سے بچانے کیلئے انتہائی ذمہ دارانہ اقدام ہے۔