'آر یا پار' کا دعویٰ کرنے والوں نے ایک اور تاریخ دے ڈالی: شہباز گل

Published On 15 December,2020 12:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان سے استعفیٰ لینے والوں کی اپنے استعفوں کے انبار کی بھڑکیں، پہلے 8 پھر 13 دسمبر کو 'آر یا پار' کا دعویٰ کرنے والوں نے ایک اور تاریخ دے ڈالی۔

معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے یا پھر اپنے لیے مزید ٹائم مانگا ؟ یہ جو استعفے جمع ہو رہے ہیں کل کے جلسے کی طرح انہیں ٹھنڈ نہ لگ جائے، استعفے دے کر حکومت گرانی تھی تو لانگ مارچ کس مقصد کا حصہ ہے ؟ تاریخ پہ تاریخ بتاتی ہے کہ ان کا لانگ مارچ بھی ایک لطیفہ ہے۔

دوسری جانب شبلی فراز نے کہا کہ ہم میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزادی صحافت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے، مریم نواز کی میڈیا پر الزام تراشیاں، دھمکیاں ان کے اظہار رائے کی آزادی کے دعوؤں کے جھوٹ اور بہروپ ہونے کا ثبوت ہے، ان کو وہی میڈیا اچھا لگتا ہے، جو ان کے گیت گائے، ان کے دور حکومت میں قوم اخبار کا چند صفحات پر آنا ابھی نہیں بھولی۔

ادھر جانب معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرپشن پہ کوئی سمجھوتہ نہیں، وزیراعظم کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ لے کر آئے، عمران خان کا مشن کرپٹ عناصر کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجکماری کے چہرے سے شکست کے آثار چھلک رہے ہیں، اپوزیشن کا کرپٹ ٹولہ عوامی ہمدردی کیلئے صفائیاں پیش کر رہا ہے، اپوزیشن ممبران کرپٹ ٹولے کی سیاست چھوڑ کر عوام، ملکی مفاد کی بات کریں، عوام نے اپنے مسائل کے حل کیلئے ان کو اسمبلیوں میں بھیجا، اس ٹولے نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست کی۔
 

Advertisement