لاہور جلسہ میں مس مینجمنٹ، مریم نواز شریف نے رپورٹ طلب کرلی

Published On 17 December,2020 06:08 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور کے جلسہ میں کمی، کوتاہیوں اور مس مینجمنٹ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ صوبہ بھر سے آنے والے جلوسوں، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کے بارے میں رپورٹ پیش کریں کہ کون کتنے بندے لایا، تعداد کے حوالے سے کون سے علاقے، حلقے اچھے یا برے رہے، دونوں صورتوں میں ذمہ داروں کے لئے جزا وسزا کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق مریم نواز کی زیر صدارت گزشتہ روز اجلاس ہوا جس میں رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عطاء اللہ تارڑ نے شرکت کی۔ 5 سے 6 افراد کا مشاورتی اجلاس پی ڈی ایم کے زیر اہتمام جلسہ کے حوالے سے تھا۔

ون پوائنٹ ایجنڈے میں اس بات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا کہ ن لیگ کے زیر اہتمام شو آف پاور میں کیا خامیاں، کوتاہیاں تھیں اور ان کا ذمہ دارکون ہے۔ مریم نواز اس معاملے کو ایسے ہی نہیں جانے دیں گی۔ وہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتی ہیں۔

اس لئے انہوں نے جلسہ کے حوالے سے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لیا اور شرکا سے تجاویز طلب کیں۔ مریم نواز پارٹی کے اندر احتساب چاہتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مریم نواز ن لیگ کے زیر اہتمام پنجاب، خیبر پختونخوا میں ریلیوں جلسوں جلوسوں کا شیڈول ترتیب دے رہی ہیں تاکہ اس سے قبل کمی، کوتاہیوں اور خامیوں پر قابو پایا جاسکے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

Advertisement