چیئرمین نیب پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ جاری کیے جا سکتے ہیں: سلیم مانڈوی والا

Published On 20 December,2020 04:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سینیٹ کمیٹی میں پیش نہیں ہوئے تو ان کے وارنٹ جاری کیے جا سکتے ہیں۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو اپنا احتساب خود کرنا چاہیے۔ سب چور ڈاکو نہیں، جس کیخلاف ثبوت موجود ہیں اس کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ اگر ہر کوئی چور ڈاکو ہے تو ساری پارلیمنٹ گھر چلی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کا شیڈول آئینی ترمیم کے بعد ہی تبدیل ہو سکتا ہے جو قلیل عرصے میں ممکن نہیں ہے۔ سینیٹ الیکشن وقت پر ہوگا اسے کوئی تبدیل نہیں کر سکتا۔

قومی احتساب بیورو کے معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بزنس مین کا نیب سے کیا لینا دینا، پراپرٹی کی خریدوفروخت کرو تو نیب کا نوٹس آ جاتا ہے۔ امپورٹ ایکسپورٹ کا کب سے نیب کا تعلق ہوگیا، عجیب عجیب باتیں سننے کو مل رہی ہیں۔ نیب کی وجہ سے لوگ ملک چھوڑ کر چلے گئے۔ سیاسی جماعتوں کی ناکامی ہے کہ وقت پر نیب ترمیم نہیں لے کر آئے۔

ملک کی سیاسی صورتحال بارے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھی ماضی میں استعفے دیے، ان کے استعفے پڑے رہے جو بعد میں انہوں نے واپس لیے۔ اپوزیشن جماعتوں کے استعفے دینا کوئی انہونی نہیں، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔ سیاسی جماعتیں اگر استعفے دیتی ہیں تو انہیں کوئی روک نہیں سکتا۔

 

Advertisement