لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے کھوکھر برادران کا سارا معاملہ کلیئر قرار دیا، اب دوبارہ ان کا گھر گرانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انتقام کی انتہا پر پہنچے حکمران یاد رکھیں، کل یہی ساری چیزیں انہیں بھی برداشت کرنا ہونگی۔
رانا ثناء اللہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب کی روایات ہیں کہ مخالفت کے باوجود چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال نہیں کیا جاتا۔ شریف فیملی کی خواتین کو اشتہاری اور مفرور قرار دلوا رہے ہیں، کل آپ کو یہ ساری چیزیں برداشت کرنا ہوں گی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کھوکھر فیملی کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بابا رحمتے نے کھوکھر برادری کی دیواریں تک گرا دی تھیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ انتقام کی آگ کو روکیں۔ بنی گالہ ریگولرائز ہو سکتا ہے تو مخالفین کے لیے دہرا معیار کیوں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ یہ انتقام ملک کو تباہ کر دے گا۔ گھروں پر بلڈوزر چلانے کے باوجود ذمہ داروں سے اپیل کر رہے ہیں کہ اس آگ کو آگے بڑھنے سے روکا جائے، جو پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لی گی۔