احتساب عدالت اسلام آباد نے خواجہ آصف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا

Published On 30 December,2020 10:17 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد نے خواجہ آصف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا۔ عدالت نے لیگی رہنما کے وکیل کی رہائی کی استدعا مسترد کر دی۔

 احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب نے خواجہ آصف کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔ وکیل خواجہ آصف نے کہا نیب پنڈی نے تحقیقات شروع کی، گرفتار لاہور نے کرلیا، گراؤنڈ آف اریسٹ ابھی تک نہیں ملے، گرفتاری کی گراؤنڈ ابھی تک نہیں دی گئی۔ جس پر جج احتساب عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ انھیں گراؤنڈ آف اریسٹ دے دیں، آج ہی خواجہ آصف کو لاہور لے جائیں۔

ادھر لیگی رہنما خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو ڈھائی سال سے پارٹی توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے، نواز شریف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مجھے چارج شیٹ دی گئی کہ میرے اثاثے بڑھ گئے، ابھی تک نیب نے کوئی تفتیش نہیں کی۔

خیال رہے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں لیگی رہنما خواجہ آصف کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔

 

Advertisement