وزیر انسانی حقوق کا عالمی برادری پر آسیہ اندرابی کا عدالتی قتل روکنے پر زور

Published On 04 January,2021 06:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا پر زور دیا ہے کہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں زیر حراست کشمیری رہنما آسیہ اندرانی کے عدالتی قتل کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تہاڑ جیل میں قید آسیہ اندرابی کی صحت خراب ہے لیکن اس کے باوجود ان کو رہا نہ کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ حکومت اور انسانی حقوق کی تنظیمیوں کو اس معاملے پر آواز اٹھانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ اس اہم معاملے پر عالمی برادری خاموشی کیوں ہے؟ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہو رہا ہے۔ اس ظلم پر ہماری حکومت کو بھی زیادہ سوالات اٹھانے چاہیں۔ آسیہ اندرابی کو کوئی طبی سہولیات نہیں دی جا رہیں۔ اگر بھارت کو عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے دیں گے تو پھر کون عالمی قوانین پر عمل کرے گا۔ عالمی برادری کو عالمی قوانین پر عملدرآمد کرانا چاہیے۔ شیری مزاری نے کہا کہ سوال بار بار اٹھتا ہے کہ دنیا کیوں چپ ہے؟ یا ہمارے اندر ہی خامیاں ہیں۔ کیا بھارت جو مرضی کرتا رہے۔

اس موقع پر آسیہ اندرابی کے صاحبزادے نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ کشمیری خواتین پر ہونے والے ظلم وستم کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ مجھے مہینے میں ایک دفعہ اپنی ماں سے بات کرنے دی جاتی ہے۔ میری والدہ سمیت بہت سی حریت رہنما جیل میں قید ہیں۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ میں آسیہ اندرابی کیس کا فیصلہ آنے والا ہے۔ پاکستان کو انٹرنیشنل ٹربیونلز کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ بھارت جو کچھ آسیہ اندرابی کے ساتھ کرنے جا رہا ہے، وہ جوڈیشل مرڈر ہے۔
 

Advertisement