کورونا کی روک تھام میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کا کردار مثالی ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

Published On 07 January,2021 04:31 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ فرنٹ لائن ورکرز اور ہیلتھ پروفیشنلز ہمارے ہیرو ہیں۔ کورونا وائرس کی روک تھام میں ان کا کردار مثالی ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ حکومت فرنٹ لائن ورکرز کی زندگیوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کے تناظر میں اس سے زیادہ اہم کام اور کوئی نہِیں تھا، اسے ہیلتھ ورکرز نے بخوبی سے پورا کیا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جہاں عام لوگوں کو گھر پر رہنے اور محفوظ رہنے کی ہدایت رہی، وہاں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو اپنے کام پر موجود ہونے کی ضرورت تھی، جو وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پوری کرتے رہے۔ پاکستان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا نے ہمارے کامیاب اقدامات کی تعریف کی ہے۔ ہیلتھ کیئر ورکرز نے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر قوم کی خدمت کی ہے۔ ڈاکٹری ایک مقدس پیشہ ہے، ان کا احترام پورا معاشرہ کرتا ہے۔

ڈاکٹڑ فیصل نے کہا کہ دُنیا محوِ حیرت تھی کہ ایک ترقی پذیر مُلک نے کورونا کو اتنے بہتر طریقے سے کیسے سنبھالا؟ شروع میں دُنیا کو شکوک وشہبات ہوئے بعد میں واضح ہو گیا۔ سب سے اہم چیز ایک مربوط ریسپونس تھا۔ ریسپونس میں سائنس اور ڈیٹا کے اوپر انحصار کا بڑا اہم کردار رہا۔ ہیلتھ کئیر ورکرز کی تیاری ایک آسان کام نہیں رہا۔
 

Advertisement