کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری کی سیکورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مچھ کے شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہزارہ برادری کی سکیورٹی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سانحہ مچھ اور صوبے میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی ،وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ،وفاقی وزراء شیخ رشید احمد، سید علی زیدی، علی امین گنڈاپور، معاون خصوصی سید ذولفقار عباس بخاری، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وزیر داخلہ ضیا لانگو، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی، ائی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ، چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر اور اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اُدھر وزیراعظم عمران خان سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی سے ایئر پورٹ روانہ ہو گئےہیں۔
اس سے قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے کان کنوں کو کوئٹہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وفاقی، صوبائی وزرا ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کوئٹہ میں نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وفاقی وزیر علی زیدی، معاون خصوصی زلفی بخاری، بلوچستان کے وزرا اور لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، شہدا کے لواحقین دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ شہدا کی تدفین کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔