وانا: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں سکول، ٹیکنیکل کالج اور یونیورسٹی کھولیں گے، دوسرا بڑا چیلنج نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہے، کامیاب نوجوان پروگرام ابھی شروعات ہے۔ انہوں نے وانا کیلئے تھری اور فور جی سروس آج سے بحال کرنے کا اعلان بھی کیا۔
جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبائلی علاقوں کا خیبرپختونخوا میں ضم ہونا بڑا کارنامہ ہے۔ اس علاقے اور لوگوں کی ترقی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، غریب طبقے کو اوپر اٹھانے کیلئے زور لگائیں گے۔ ہماری سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں۔ انگریزوں کے خلاف سب سے زیادہ جنگیں وزیرستان کے لوگوں نے لڑیں، 1965 کی جنگ میں یہاں سے بڑے بڑے لشکر روانہ ہوئے۔ خطاب سے پہلے وزیراعظم نے کامیاب جوان پروگرام کی قرضہ جات سکیم اور یوتھ انٹرپنیورشپ سکیم کے تحت میرٹ پر آنے والے مقامی نوجوانوں میں چیکس بھی تقسیم کئے۔
قبل ازیں کامران بنگش نے وزیراعظم کے دورے کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ وانا میں مقامی آبادی کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے قائم شدہ کیڈٹ کالج کے توسیعی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ جنوبی وزیرستان کی آبادی کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کیلئے احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحقین میں چیک بھی تقسیم کریں گے، اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کو احساس پروگرام کے ڈیجیٹل سروے پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
کامران بنگش نے کہا کہ وزیرِ اعظم وانا میں مقامی قبائلی عمائدین سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد مولا خان سرائے میں جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔