فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کی سربراہی چھوڑنے کی دھمکی دیدی، ذرائع کا دعویٰ

Published On 27 January,2021 05:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اتحاد کی سربراہی چھوڑنے کی دھمکی دیدی ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے آصف زرداری اور نواز شریف کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے دونوں شخصیات سے شکوہ کیا ہے کہ اگر بلاول بھٹو اور مریم نواز نے خود فیصلے کرنے ہیں تو انہیں سربراہی کیوں دی گئی؟

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز اپوزیشن اتحاد کے فیصلے تنہا کر رہے ہیں، دیگر جماعتوں کے رہنمائوں کے بھی اس پر شدید تحفظات ہیں۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق انہوں نے شکوہ کیا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان پی ڈی ایم کو اعتماد میں لیے بغیر کیا گیا جبکہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان میڈیا میں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ اپنے فیصلے پی ڈی ایم پر مسلط کر رہے ہیں۔ طے ہوا تھا کہ ہر فیصلہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی مشاورت سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی جماعتوں کو خدشات ہیں کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ انہیں استعمال کر رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی مولانا فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شخصیت ہی ان حالات میں پی ڈی ایم کو آگے لے کر چل سکتی ہے۔ آئندہ آپ کو شکایت نہیں ملے گی، ہر فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔
 

Advertisement