پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات، عثمان بزدار پر اظہار اعتماد

Published On 28 January,2021 09:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کا سینیٹ الیکشن سے پہلے پی ڈی ایم کو ایک اور جھٹکا، وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ ن کے بعد پیپلزپارٹی کے رحیم یار خان سے رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

عثمان بزدار اور رئیس نبیل احمد کی ملاقات ایوان وزیراعلی میں ہوئی، پی پی 265 سے پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رئیس نبیل احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو حلقے کے مسائل اور عوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہر حلقے کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں، میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، ترقی پر ہر شہر اور قصبے کے عوام کا حق ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دور افتادہ شہروں کا ترقی پر پورا حق ہے اور ہم انہیں یہ حق لوٹائیں گے، سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا، ترقی کے سفر پر پہلا حق پسماندہ علاقوں کا ہے، بعض عناصر نے جعلی نعروں سے عوام کا دل بہلایا، عوام سمجھدار اور اچھے برے کی تمیز رکھتے ہیں، ترقی مخالف عناصر پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔

پی پی رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد نے کہا کہ عثمان بزدار سے ملاقات بہت خوشگوار رہی، آپ انتہائی اخلاق سے ملتے ہیں، آپ کی ملنساری سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ پی ٹی آئی رہنما عون چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

Advertisement