ملک بھر میں 67 روز بعد پرائمری، مڈل سکول اور یونیورسٹیاں کھل گئیں

Published On 01 February,2021 08:13 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں پہلی سے آٹھویں تک کلاسز کا آغاز ہوگیا، یونیورسٹیوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، سکول کھلنے پر بچوں کی بڑی تعداد خوش نظر آئی، حکومت نے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا ہے۔

  ملک بھر میں پرائمری اور مڈل سکولز میں کلاسز کا آغاز ہوگیا۔ یونیورسٹیوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ سکولوں میں پہلی سے آٹھویں تک جبکہ کالجز اور جامعات میں تھرڈ ائیر سے پی ایچ ڈی تک کلاسز شروع ہوگئی ہیں۔ تعلیمی ادارے کھلنے پر بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

محکمہ سکول یجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کے مطابق طلبا کو متبادل دنوں میں بلایا جائے گا۔ سکولوں اور کالجز میں سمارٹ نصاب کے مطابق تعلیم دی جا رہی ہے جبکہ کچھ جامعات میں آن لائن اور بعض میں طلبا کے امتحانات آن کیمپس ہوں گے۔ تمام تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے پر 26 نومبر 2020 کو تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا تھا۔ صورتحال قدرے بہتر ہونے پر سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

 دوسری جانب حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے بدلتے حالات کے پیش نظر نئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اداروں کے 50 فیصد ملازمین گھر سے (ورک فرام ہوم) کریں گے۔

فوڈ پوائنٹس، ریسٹورانٹ کو رات 10 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کر دی گئی۔ تمام کھانے پینے کے پوائنٹس رات 10 بجے کے بعد بھی کھلے رکھے جا سکتے ہیں۔ ریسٹورانٹ، ہوٹل اور تمام قسم کے فوڈ پوائنٹس کھانے پینے کے انتظامات صرف کھلی جگہوں پر کر سکتے ہیں۔

تمام پارکس، تفریحی مقامات شام 6 بجے بندکر دیئے جائیں گے۔ شادی بیاہ و دیگر تقریبات کے انتظامات بھی صرف کھلی جگہوں پر کیے جا سکیں گے۔ جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں اور فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Advertisement