اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں کورونا ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے پانچ لاکھ ویکسین پاکستان کو عطیہ کی جس پر میں چینی حکومت کا شکر گزار ہوں جبکہ میں اپنی پوری ٹیم کو تیزی سے کام کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ویکسین پہلے فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی۔ تمام صوبوں میں ویکسین کو منصفانہ تقسیم کیا جائے گا۔ ہیلتھ ورکرز کے لیے ویکسین لگوانا بہت ضروری ہے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں دوبارہ عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ سب ماسک لازمی پہنیں۔ ماسک کی وجہ سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے اور ایس او پیز پرعمل کرنے سے ہم وائرس سے بچ سکتے ہیں۔
کورونا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور برطانیہ میں پورا لاک ڈاؤن ہے تاہم اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان میں اکانومی بھی چل رہی ہے۔ اگر عوام احتیاط کریں گے تو باقی جگہوں کو بھی کھول دیں گے۔