راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ یہ جدید میزائل ایٹمی سمیت تمام قسم کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی میزائل غزنوی 290 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو درست نشانہ بنا سکتا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا شاہین تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ماہ 20 جنوری کو بھی شاہین تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ شاہین تھری بلیسٹک میزائل کی رینج 2750 کلومیٹر ہے۔ میزائل نے بحیرہ عرب میں اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
میزائل کا تجربہ ٹیکنیکل پیرامیٹرز کو جانچنے کے لیے کیا گیا تھا۔ میزائل 2750 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے میزائل تجربہ ہوتے دیکھا۔ ڈی جی ایس پی ڈی، کمانڈر آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ، چیئرمین نیسکام، میزائل پروگرام کے سائنسدان اور انجینیئر بھی اس موقع پر موجود تھے۔