اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنے مرضی لانگ مارچ کرلے لوگ ان کو سمجھ چکے ہیں، اپوزیشن کی چوری چھپانے کیلئے عوام باہر نہیں نکلیں گے، آج این آر او دے دوں یہ کہیں گے عمران خان سے زبردست آدمی کوئی نہیں۔
وزیراعظم نے اپوزیشن کو ایک بار پھر نشانے پر رکھ لیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لانگ مارچ بھی کرلے مگر این آر او نہیں دوں گا، لوگ چوروں کیلئے سڑکوں پر کبھی نہیں نکلیں گے، کبھی کوئی کسی کی کرپشن بچانے کیلئے بھی نکلا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف دم دبا کر
بچوں کے ساتھ باہر بیٹھے ہیں، ان کے بھائی کے بچے بھی باہر ہیں اور ان کا منشی بھی بچوں کے ساتھ باہر بیٹھا ہے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں، جو لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں ان سے بڑا بے وقوف کوئی نہیں، باہر بیٹھے لوگوں کو واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے، ان لوگوں نے اپنے ججز اور نیب کے ہیڈز رکھے ہوئے تھے، جب تک وہ انہیں نہیں ملیں گے تب تک یہ نہیں مانیں گے، اپوزیشن اور میڈیا میں بیٹھے لوگ کہتے ہیں حالات اچھے نہیں، ہم سب کہتے ہیں حالات اچھے نہیں، انہیں مقروض ملک ملا، ملکی حالات کو جلدی ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔
وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کے علاوہ بھارت کے پاس آگے جانے کا کوئی راستہ نہیں، بھارت آرٹیکل 370 ری سٹور کر کے بات کرے، ہم تیار ہیں، سلامتی کونسل میں تین مرتبہ کشمیر پر بات ہونے کا مطلب یہ ہے کہ کشمیر کا معاملہ عالمی سطح پر اجاگر ہوگیا۔