کراچی: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کو شکست دینے کے حوالے سے تجربہ کار ملک ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ گورنر ہاؤس میں ڈاکیوڈرامہ۔ 2021 ‘پانی کے پنکھ’ کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا نے بھی خطاب کیا۔
عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور تمام اشاریے مثبت رجحان کو ظاہر کر رہے ہیں، دیگر ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات کو اب ایڈ کی بجائے ٹریڈ کی بنیادپر فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔ ڈاکیو ڈرامہ میں دو پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے جن میں ایک یہ ہے کہ کس طرح ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور امن بحال کیا۔ اس کا دوسرا اہم نکتہ پانی کی اہمیت کے بارے میں ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 سے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی اور کامیابی حاصل کی۔ پاکستان دہشت گردی کو شکست دینے کے حوالے سے تجربہ کار ملک ہے۔ ہم نے انتہا پسندی سے دور رہنا سیکھا ہے جبکہ بھارت اس وقت انتہا پسندی کا شکار ہے جس کی وجہ سے وہاں بدامنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے اور امید ہے کہ کے فور منصوبہ سے پانی کے حوالے سے شہریوں کی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
صدر عارف علوی نے زراعت کے شعبہ میں پانی کے محتاط استعمال کے رحجان کو فروغ دینے کے لئے پرائسنگ کا میکنزم متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، اب ہمارے امریکہ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو امداد کی بجائے تجارت کی بنیاد پر فروغ دیا جا رہا ہے۔